پاک سعودی وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، افغان صورتحال پر گفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے افغان صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پُرامن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں قیام امن کے لیے سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔

وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز کی معاونت سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندگان کے انخلا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہارِ اطمینان کیا جبکہ انہیں مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ 

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں