پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن، نادرا کی قومی تصدیق و تجدید مہم شروع

پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن، نادرا کی قومی تصدیق و تجدید مہم شروع

رپورٹ: اعجاز احمد
حکومت نے غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ 

جس کے تحت ’’قومی تصدیق و تجدید مہم‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ ’’اپنے خاندان کے لیے، محفوظ پاکستان کے لیے‘‘ کے پیغام سے شروع کی گئی آگاہی مہم کے دوران نادرا کے متعارف کردہ تصدیق و تجدید کے نئے اور جدید نظام سے بھی مدد لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) نے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے ایک نئے نظام کا اجراء کیا ہے، جس کے ذریعے ہر پاکستانی تصدیق کر سکتا ہے کہ اس کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں۔

اس نظام کے تحت تمام پاکستانی شہری اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے موبائل فون پر حاصل اور ان کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

پاکستانی شہری نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل فون نمبر سے’’8009‘‘پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بمعہ تاریخ اجراء ایس ایم ایس کریں، جواب میں انہیں اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات (فیملی ٹری) موصول ہو گی، کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں’’1 ‘‘لکھ کر ایس ایم ایس کریں۔

جس پر نادرا کا نمائندہ اس کے متعلق آپ سے خود رابطہ کرے گا۔ اور اگر موصولہ تمام معلومات درست ہوں تو’’2‘‘ لکھ کر ایس ایم ایس کریں، جس سے نادرا کو معلومات درست ہونے کی تصدیق ہوجائے گی۔

تصدیق و تجدید کے اس نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ایس ایم ایس نادرا میں رجسٹرڈ اسی موبائل نمبر سے کیا جائے جو ’’قومی شناختی کارڈ‘‘ یا ’’ب‘‘ فارم بنواتے وقت نادرا رجسٹریشن سینٹر پر فراہم کیا گیا تھا۔

اگر کسی شہری کا موبائل نمبر نادرا میں رجسٹرڈ نہیں تو وہ کسی بھی نادرا سینٹر پر موبائل نمبر کی رجسٹریشن یا تبدیلی کرواسکتا ہے، یہ سہولت تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر مفت فراہم کی گئی ہے۔

ایس ایم ایس کے ذریعے موصولہ خاندان کی تفصیلات میں اگر خاندان کے کسی فرد کی تفصیل موجود نہ ہو تو کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر اس کا اندراج کروایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں