عمران صاحب آپ چئیرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے بن جائیں: مریم اورنگزیب

عمران صاحب آپ چئیرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے بن جائیں: مریم اورنگزیب

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ چئیرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے بن جائیں لیکن آپ کو پھر بھی ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملے گی۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ چئیرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے بن کر شہبازشریف کے منصوبوں سے کرپشن ڈھونڈیں، پتہ کرائیں 3.3 ٹریلین منصوبوں میں شہباز شریف نے قوم کے کتنے پیسےبچائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ان منصوبوں میں 1000 ارب روپے کی خالص بچت کی، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد عمران صاحب خود نیب اور ایف آئی اے کے سربراہ لگ جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران صاحب! شہباز شریف نے ابھی صرف 3 سال کی آپ کی کارکردگی پر بیان دیا، عمران خان نے اس پر نیب کا نوٹس جاری کرادیا، اتنا خوف؟ 10 ارب کا جھوٹ بولنے پر عمران صاحب آپ نے جو معافی مانگی ہے، پہلے اس کا جواب دیں؟ 

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ بی آرٹی کے 126 ارب نظر نہیں آرہے، اسلام آباد راولپنڈی میٹرو کے 45 لاکھ پر نیب کے نوٹس جاری ہورہے ہیں، عمران صاحب! شہباز شریف پر کھربوں کے الزامات سے اب 40 لاکھ کے گملوں اور پودوں کے الزامات پر آگئے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں 3.3 کھرب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا، عمران صاحب شہباز شریف کے کھربوں روپے کے منصوبے اپنی جیب بھرنے کے لیے ٹھیکوں پر دیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کو عمران صاحب نے کرپشن سے آلودہ کردیا، عمران صاحب کے دور میں جو اینٹیں لگیں وہ بھی کرپشن، لوٹ مار اور اے ٹی ایمز کی نذر ہوگئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب کی نظر پشاور بی آرٹی، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر اور رنگ روڈ پر نہیں جاتی، چیئرمین نیب کی نظر آٹا، چینی، ایل این جی اسکینڈلز اور بنی گالہ کے ناجائز محل کی طرف نہیں جاتی۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ 35 سے 90 روپے آٹا، عمران صاحب کتنے پیسے کھائے ہیں؟ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل 8 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی خریدنے پر سزائے موت کی چکی میں ڈال دیے گئے۔

اُنہوں نے سوال کیا کہ عمران صاحب 35 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی خریدنے پر کتنے پیسے کھائے ہیں؟ 52 روپے کلو چینی 120روپے کرکے عمران صاحب کتنے پیسے کمائے؟ 

ترجمان مسلم لیگ نے پوچھا کہ 126ارب روپے کی بی آرٹی کے کھڈوں میں عمران صاحب کتنے پیسے کمائے ہیں؟ خام فولادکے  منصوبے کو بندکرکے، رنگ روڈ کے منصوبے سے عمران صاحب کتنے پیسے کمائے؟ 

اپنا تبصرہ بھیجیں