الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے مطمئن ہے: شبلی فراز

الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے مطمئن ہے: شبلی فراز

وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر مطمئن ہے، اس نے تجاویز بھی دی ہیں، اپنی ٹیکنیکل ٹیم بھی نامزد کر دی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ سائنس اور ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کی شناخت کا سسٹم ہمیں شامل کرنا ہے، اس پر ہماری تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر کے حوالے سے تحفظ بھی دور ہو جائے گا، ہم مشین کے حوالے سے پارلیمنٹ، عوام اور اپوزیشن پارٹیوں کے پاس جائیں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اگر ضمنی یا لوکل گورنمنٹ انتخاب میں مشین کا استعمال ہو تو اچھا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں جو بھی الیکشن ہوا ہمیشہ تنازعات کا شکار رہے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان کا وژن تھا کہ مخالفت کے باوجود بھی ٹیکنالوجی کو راستہ دیا جائے۔

وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی ڈیموسٹریشن دی، الیکشن کمیشن حکام نے بہت سے سوالات کیئے، جن کے ہم نے تشلی بخش جواب دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بنانے پر ہمیں مبارک باد دی اور کہا کہ یہ اچھا قدم ہے، الیکشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ہوں گے اس بات پر ہمارا اتفاق ہوا ہے۔

شبلی فراز نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ فالو اپ میٹنگز بھی طے پائی ہیں، ہمارا رابطہ اب مسلسل الیکشن کمیشن سے رہے گا، ای وی ایم مشین سے الیکشن کمیشن مطمئن ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر تجاویز بھی دی ہیں، ہمارا اب اس سے عوام کو آگاہی کا مرحلہ ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہیئے میرٹ پر بات کریں۔

وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سب کو آن بورڈ لیں گے، ضمنی یا بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ مشین کا استعمال ہو جائے تو بہت بہتر ہو گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے کے موقع پر میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں