رواں ہفتے مزید 60 لاکھ ویکسین پاکستان کو فراہم کریں گے، چین

رواں ہفتے مزید 60 لاکھ ویکسین پاکستان کو فراہم کریں گے، چین

چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین رواں ہفتے پاکستان کو کورونا ویکسین کی 60 لاکھ  مزید خوراکیں فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔

چینی سفیر نے صدر مملکت کو بتایا کہ چین پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کی طرف سے رواں سال کے آخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے دوران گفتگو کہا کہ اسٹریٹجک تعاون، شراکت داری پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، بعض دشمن عناصر سی پیک سے خوش نہیں، سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

اس دوران صدر مملکت نے جموں و کشمیر تنازع، این ایس جی اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہا۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے، چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے خطے میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں