اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

اسلام آباد (حالات نیوز ڈسک) اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، جس کے بعد سی این جی کی پرانی قیمت بحال کردی گئی، ایل این جی قیمت میں اضافے کے بعد سی این جی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اگست کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
گزشتہ روز اوگرا نے اگست کیلئے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، نوٹیفکیشن کے تحت سوئی ناردرن سسٹم کیلئے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.692 ڈالر اضافہ کیا گیا، اسی طرح سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.706 ڈالر فی یونٹ اضافہ کردیا گیا تھا۔ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 13.6080 ڈالر فی یونٹ مقرر اور سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 13.3454 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی تھی۔اس سے قبل سوئی ناردرن سسٹم پر جولائی میں ایل این جی کی قیمت 12.9160 ڈالر فی یونٹ تھی۔ اسی طرح سوئی سدرن سسٹم پر جولائی میں ایل این جی کی قیمت 12.6386 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔ اسی طرح اوگرا نے ایل این جی کی اگست کے لئے پرانی قیمت ہی بحال رکھنے کا سرکلر جاری کر دیا ہے۔ جس کے بعد سی این جی کی قیمت میں ہونے والا 5 روپے فی لٹر اضافہ واپس لے لیا گیا ہے۔کیونکہ درآمدی ایل این جی کی قیمت میں اضافے کے بعد آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سی این جی کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا تھا۔ لاہور میں سی این جی 106 روپے 90 پیسے سے بڑھ کر 111روپے 90 پیسے فی لٹر ہو گئی تھی۔ تاہم اوگرا اور سی این جی ایسوسی ایشن میں مذاکرات کے بعد اوگرا نے دو اگست کا سرکلر معطل کرتے ہوئے پرانی قیمت بحال کر دی ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 9.58 روپے فی کلو اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 58 پیسے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا۔ ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 113 روپے 7 پیسے مہنگا ہوگیا۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2002 روپے 07 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق اگست 2021 کیلئے ہے، جولائی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1889 روپے 57 پیسے کا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں