ججز سے یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ 27ویں ترمیم لا کر عمر میں 5 سال اضافہ کریں گے، فواد چوہدری کا دعویٰ

اس کے لیے ضروری ہے مخصوص نشستوں کے کیس کا حکومت کے حق میں مثبت فیصلہ آئے، اقتدار عوام کو واپس کیا جائے اور بند کمروں میں فیصلے بند کیے جائیں؛ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ججز سے یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ 27ویں ترمیم لا کر ان کی عمر میں 5 سال اضافہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز میں یہ بات عام ہے کہ ججز سے یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم لا کر ججز کی عمر میں 5 سال اضافہ کریں گے، خاص طور پر جسٹس امین الدین جو ریٹائر ہونے والے ہیں، اس کے لیے ضروری ہے مخصوص نشستوں کے کیس کا حکومت کے حق میں مثبت فیصلہ آئے کیوں کہ اس حکومت کے لیے اس سے زیادہ اچھے کوئی ججز نہیں ہوسکتے اس لیے حکومت تو چاہے گی ان ججز کی عمر 100 سال کردے۔
سابق وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ نے پچھلے چالیس سال نواز شریف اور زرداری کو ملک پر مسلط رکھا، اب اگلے چالیس سال ان کے بچوں کو ملک پر مسلط کررہے ہے، اقتدار عوام کو واپس کیا جائے اور بند کمروں میں فیصلے بند کیے جائیں۔
پاکستان اور بھارت کی کشیدگی سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ایٹمی جنگ تو چھوڑ دیں ٹریڈیشنل وار میں بھی پاکستان نے بھارت کو دھول چٹائی ہے، پاکستان کی ایئرفورس نے چند گھنٹوں میں بھارت کے 5 طیارے گرائے، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 20 ایئر بیسز تباہ کیں، پوری قوم پاکستان کی افواج اور خصوصاً پاکستان ایئر فورس کی شکرگراز ہے، پاکستان نے اس تاثر کو تبدیل کر دیا ہے کہ انڈیا ساؤتھ ایشیاء کا اسرائیل ہے، پاکستان کو جو کرنا چاہیے تھا وہ کیا، نیوکلیئر بہت بعد کی بات ہے، پاکستان طے کرتا ہے کہ ساؤتھ ایشیا کی پاور پولیٹکس کیسے ہونی ہے، افواج پاکستان کے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر ہندوستان کو دھول چٹائی، افواج پاکستان نے ملک وقوم کا سر فخرسے بلند کیا ہے۔