پاک بھارت کشیدہ صورتحال،الرٹ جاری لاہور ایئرپورٹ کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا

لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی، اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو لاونج منتقل کردیا گیا ، مسافروں کو جاری کئے گئے بورڈنگ کارڈ بھی منسوخ کردیئے گئے

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے باعث الرٹ جاری کرتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا، لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی، اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو لاونج منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو جاری کئے گئے بورڈنگ کارڈ بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے گشت شروع کردیا۔
کراچی سے لاہور آنے والی ائیرسیال کی پرواز کو واپس کراچی موڑ دیا گیا۔ پرواز ایس آئی ایف 143 کو واپس کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرنے کی ہدایات کی گئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ کو ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے بند کردیا گیا ہے جبکہ ایک بجکر 50 منٹ سے لے کر اگلے احکامات تک ائیرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن روک دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورس سمیت تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ تمام پروازوں کو کچھ دیر کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔

سیکورٹی کلیئرنس ہونے کے بعد پروازوں کی آمد و رفت شروع ہوگی۔ذرائع کاکہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ کارپارکنگ سمیت دیگرجگہوں پر پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے پٹرولنگ شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق کشیدہ حالات کے پیش نظر یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ ائیرپورٹ ذرئع کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کی ائیرفیلڈ کھول دی گئی، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم کا انتظار ہے، نوٹم جاری ہوتے ہی ائیرلائنز پروازوں کو آپریٹ کریں گئیں۔
ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر کاکہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن شام 6 بجے تک عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر نے کہا کہ نوٹم کے مطابق 3 گھنٹے 30 منٹ تک سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بند رہے گا۔قبل ازیںبھارت کی طرف سے ڈرون حملوں کے بعد ملک میں فضائی آپریشن انتہائی محدود کر دیاگیاتھا۔لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی 450 پروازیں متاثر ہوئیں تھیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حاجیوں کی پروازوں سمیت دبئی، دوحہ، شارجہ، کوالالمپور، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور آنے اور جانے والی 150 پروازیں اب تک منسوخ ہو چکی کی گئیں تھیں۔پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کی طرف سے اچانک لاہور، سیالکوٹ، اسلام آباد، ملتان اور کراچی کی فضائی حدود بند کرنے اور کھولنے سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا جبکہ ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کی درجنوں پروازیں ری شیڈول کرنا پڑی تھیں۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کی طرف سے اچانک لاہور، سیالکوٹ، اسلام آباد، ملتان اور کراچی کی فضائی حدود بند کرنے اور کھولنے سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کی درجنوں پروازیں ری شیڈول کرنا پڑیں تھیں۔