پولیس نے ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کرتحقیقات کا آغاز کردیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے علاقہ چکوال اور سندھ میں گھوٹکی میں ڈرون حملے کیے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور سیالکوٹ کا فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چکوال میں ڈھمن کے علاقے میں دیوالیاں کے قریب ڈرون گرا تاہم ابتدائی طور پر اس سے کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس نے ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کرتحقیقات کا آغاز کردیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، اسی طرح صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں آج صبح کے وقت ہونے والے زور دار دھماکے سے ڈرون پھٹ گیا، ڈرون کے ٹکڑوں سے 1 فرد شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 فضائی روٹس کمرشل طیاروں کی پروازوں کیلئے بند کیے گئے ہیں، اسلام آباد اور سیالکوٹ کی فضائی حدود میں کمرشل پروازوں کی آمد و رفت پرعارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ان شہروں کے متعدد فضائی راستے آج دوپہر 12 بجے تک کمرشل پروازوں کے لیے بند رہیں گے، جس کے تحت اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ اور کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی تمام کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر وقتی طور پر پابندی لگا دی گئی ہے، یہ اقدام حفاظتی وجوہات کے تحت اٹھایا گیا ہے، متعلقہ ایئرلائنزکو مطلع کردیا گیا ہے اور مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔