بھارت پاکستان کے پانی کے ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، اسی لیے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو نقصان پہنچایا گیا؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی پریس کانفرنس
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی حملہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کردی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان میں کسی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، بھارت کی جانب سے نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنایا گیا کیوں کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے پانی کے ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا جس کے لیے بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے جن میں اب تک 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوہئے ہیں، لائن آف کنٹرول پر انڈین جارحیت سے 5 شہید ہو گئے، احمد پور شرقیہ میں 13 شہادتیں ہوئیں، مظفر آباد میں 3، کوٹلی میں 2، مریدکے میں 3 شہری شہید ہوئے، احمد پورشرقیہ میں مسجد سبحان پر 4 حملے کیے گئے، مسجد سبحان پر حملے میں بچی سمیت 13 شہری شہید اور 31 زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 3 شہید، بچی زخمی اور مسجد شہید ہوگئی، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملہ کیا گیا، حملے میں 16 سالہ لڑکی اور بچہ شہید ہوا، مریدکے میں مسجد پرحملہ ہوا جس میں ایک شہید، ایک زخمی اور 2 لاپتا ہوئے، سیالکوٹ میں گاؤں پر 2 گولے گرے، جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا، شکرگڑھ پر 2 حملے ہوئے، ڈسپنری کو معمولی نقصان پہنچا، بھارت نے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا دورہ کرایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 10 طیاروں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی، اس دوران بھارت کے 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 طیارے مار گرائے ہیں، پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں، پاک فوج پوری قوم کی حمایت کے ساتھ جارحیت کا جواب دیتی رہے گی، بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا اور پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، اُس کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس کے لیے یہ واضح کر دوں وقت اور جگہ کا تعین ہم کریں گے۔