بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے: ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی سب بزدلانہ تاریخ دہرائی، مختلف مقامات پر حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں

ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو بھارتی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا، مسجد بلال میں 3 شہادتیں ہوئیں، مریدکے میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، مریدکے میں 3 مرد شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ کوٹلی میں 16 سالہ بچی اور 18 سالہ بچہ شہید ہوئے تاہم سیالکوٹ، شکر گڑھ سے کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں آئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق احمد پور شرقیہ میں بزدلانہ حملے میں 13 شہادتیں ہوئیں، مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ جواب دیا اور دے رہی ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مارگرایا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا، بھارت کی جانب سے بلاثبوت الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔