سٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کردی

کراچی: ( نیوز ڈیسک ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود کو 12 فیصد سے کم کرکے 11 فیصد کردیا، اعلامیے کے مطابق مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی شرح سود میں کمی کا سبب بنی، مہنگائی کی شرح اپریل میں سالانہ بنیادوں پر 0.3فیصد رہی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مالی سال 25ء کی دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی نمو 1.7 فیصد رہی، زری پالیسی کمیٹی نے مالی سال 25ء کی جی ڈی پی نمو 2.5 تا 3.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی، مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 1.2 ارب ڈالر سرپلس رہا۔

ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے، ذخائر جون 2025ء تک 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ ایف بی آر کے ٹیکس محاصل 26.3 فیصد بڑھے مگر ہدف سے کم رہے، نجی شعبے کو قرضے دینے میں 12.6 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعلامیے مزید کہا گیا کہ اپریل میں مہنگائی کم ہوکر صرف 0.3 فیصد رہ گئی، صارفین کی توقعات میں بہتری، توانائی و گندم کی قیمتوں میں کمی ہوئی، مہنگائی اگلے مہینوں میں بڑھ سکتی ہے مگر 5-7 فیصد کی حد میں رہے گی۔