اسلام آباد : ( نیوز ڈیسک ) بھارت نے سندھ طاس معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم سے پاکستان آنے والا پانی 90 فیصد روک دیا ہے اور کشن گنگا پراجیکٹ کے ذریعے دریائے جہلم میں پانی کی آمد روکنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔
بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر موجود ڈیموں سے پانی بند کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل کی گئی ہیں۔
ترجمان واپڈا کے مطابق بھارتی اقدام کے باعث دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی آ رہی ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح کم ہو کر 4300 کیوسک رہ گئی ہے، 2 روز پہلے پانی کی سطح 87 ہزار کیوسک تھی، اس مقام پر معمول کے مطابق 25 سے 30 ہزار کیوسک پانی بہتا ہے۔
دوسری طرف راوی میں بھی پانی آنے کے امکانات مزید کم ہوگئے ہیں، بھارت نے 2001 میں دریائے راوی پر تین ڈیم بنائے جس کے بعد پاکستان کی طرف پانی کا بہاؤ تقریباً 75 فیصد کم ہو گیا، اب راوی صرف مون سون کے دنوں میں ہی کسی حد تک بہتا ہے، باقی سال بہاؤ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔