پاکستان کی جنگی تیاری دفاع کیلئے ہے، دنیا کو یقین دہانی کرائی کہ ہم پہل نہیں کریں گے

لیکن ہم یہ عہد بھی کرتے ہیں اگر بھارت نے کوئی فوجی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیں گے، جب تک انڈیا مہم جوئی نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا، تب تک سکیورٹی اور آپریشنل صورتحال کو برقرار رکھیں گے، وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جنگی تیاری دفاع کیلئے ہے، دنیا کو یقین دہانی کرائی کہ پہل نہیں کریں گے، لیکن ہم یہ عہد بھی کرتے ہیں اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے سے چیزیں واضح ہوگئیں کہ بھارت نے سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا۔
پاکستان نے پہلگام واقعے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے، پاکستان کو کسی بھی شکل میں دہشتگردی قابل قبول نہیں ہے۔ بھارت سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا چاہتا ہے، بھارت چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام پر مزید ظلم کرسکے۔ اسی طرح انڈیا چاہتا کہ پاکستان کو معاشی طور پر بدحال رکھا جائے۔
وہ چاہتا ہے کہ پاکستان ایسی صورت میں رہے جس طرح پچھلے دو تین سال ڈیفالٹ کی کوشش ہوتی رہی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی جنگی تیاری دفاع کیلئے ہے، لیکن انڈیا سمیت پوری دنیا کو یقین دہانی کرائی ہم پہل نہیں کریں گے، لیکن ہم یہ عہد بھی کرتے ہیں اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔انڈیا کی طرف سے ایسا کوئی بیان نہیں آیا،اطلاعات ہیں کہ بھارت مدارس کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ انڈیا تاحال دنیا کو یقین دہانی نہیں کرائی کہ ہم کوئی ایڈونچر نہیں کریں گے ، جب تک انڈیا مہم جوئی نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا، ہم موجودہ سکیورٹی اور آپریشنل صورتحال کو برقرار رکھیں گے۔
نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے کہا کہ اگر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، تو وہ جنگ تصور کی جائے گی، پاکستان کا پانی روکنے کیلئے جو بھی اسٹرکچر بنایا جائے گا اس کو ٹارگٹ کریں گے۔ اس پر نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا فیصلہ ہوچکا ہے۔موجودہ فالس فلیگ صورتحال پر پاکستان نے انڈیا کو پچھاڑ کے رکھ دیا ہے۔