پاک فضائیہ کی جانب سے رافیل طیاروں کو فوری اور مؤثر انداز میں روکے جانے بعد بھارت میں ایئرمارشل ایس پی دھارکر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھائے گئے
نئی دہلی ( نیوز ڈیسک ) بھارتی فضائیہ کے وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ایس پی دھارکر کو عہدہ سنبھالنے کے 7 ماہ بعد ہی عہدے سے ہٹادیا گیا، ایئرمارشل ایس پی دھارکر کی جگہ ایئر مارشل نرمدیشور تیواری کو بھارتی فضائیہ کا نیا چیف آف ایئراسٹاف مقرر کیا گیا ہے تاہم اس وقت وائس چیف آف ایئر اسٹاف کی برطرفی سے بھارتی فضائیہ میں شدید بے چینی پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر مارشل ایس پی دھارکر مقبوضہ کشمیر میں رافیل طیاروں کی جارحانہ پروازوں کے نگران تھے، بھارتی رافیل طیارے پاکستانی جدید ریڈارز کے سامنے بے بس ہوگئے تھے اور لائن آف کنٹرول کو جارحانہ طور پر کھوجنے کا ٹاسک لئے رافیل کو پاکستانی ریڈارز نے جام کر دیا تھا، پاکستان ایئرفورس کی جانب سے رافیل طیاروں کو فوری اور مؤثر انداز میں روکے جانے بعد بھارت میں ایئرمارشل ایس پی دھارکر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھائے گئے تاہم بھارتی فضائیہ کے نائب سربراہ نے اپنے پائلٹس کی رافیل ہینڈلنگ پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے ایک اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا شکار ہوگئے تھے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت میں یہ دوسری بڑی عسکری تبدیلی ہے، شمالی کمان کے آرمی کمانڈر کو پہلے ہی تبدیل کیا جا چکا ہے، مودی سرکار نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کے خلاف فوری طور پر مہم جوئی سے انکار کرنے والے بھارتی لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندر کمار کو کمانڈر ناردرن کمانڈ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، اعلیٰ فوجی قیادت میں تیز رفتار تبدیلیاں بی جے پی کے فاشسٹ ایجنڈے اور افواج کی پیشہ ورانہ خودمختاری کے درمیان بداعتمادی کا ثبوت ہیں۔