مائنز اینڈ منرلز بل ، مفروضوں پر بیانیہ نہ بنائیں، بل پڑھیں اور سمجھیں. علی امین گنڈاپور

بل پرمشاورت کے بعد ہی منظوری دی جائے گی، اگر کہیں ترمیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جا سکتی ہے.وزیراعلی خیبرپختونخوا کا وضاحتی بیان

پشاور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مجوزہ مائنز اینڈ منرلز بل سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والے مفروضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفروضوں پر بیانیہ نہ بنائیں، بل پڑھیں اور سمجھیں،بل پر مشاورت کے بعد ہی منظوری دی جائے گی، اگر کہیں ترمیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جا سکتی ہے.
وزیر اعلی کے پی نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے واٹس ایپ گروپ میں آڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت جاری کی ہے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بل سے متعلق سوشل میڈیا پر جو قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں.
انہوں نے کہاکہ تمام ارکان کو بل کی کاپیاں فراہم کی جا چکی ہیں، لہذا جو لوگ بل کو سمجھ سکتے ہیں وہ پڑھ لیں اور جنہیں سمجھنے میں دشواری ہو وہ کسی وکیل کے ساتھ بیٹھ کر بل کا مطالعہ کریں وزیراعلی نے واضح کیا کہ بل میں نہ تو کسی کو صوبے کا اختیار منتقل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل یا وفاقی حکومت کو کوئی اختیار دیا جا رہا ہے.

انہوں نے پارٹی ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بل پڑھے بغیر مفروضوں کی بنیاد پر بیانیہ بنا لیا ہے جو مناسب طرز عمل نہیں علی امین گنڈاپور نے اس بات پر زور دیا کہ بل پر مشاورت کے بعد ہی منظوری دی جائے گی اور اگر کہیں ترمیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جا سکتی ہے. انہوں نے کہا کہ قانون سازی سے پہلے بل کو سمجھنا پارلیمنٹرینز کی ذمہ داری ہے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ بغیر اصلاحات کے بھی مائنز اینڈ منرلز کا ریونیو ساڑھے تین ارب روپے تک بڑھایا گیا ہے اور 30 جون تک یہ ریونیو دگنا ہونے کا امکان ہے.