یہ مریم نواز کے آرڈر پر چل کر اس کے شوق پورے کر رہے ہیں، علیمہ خان

عمران خان کو ائسولیٹ کرکے باہر کی دنیا سے رابطہ ختم کردیا گیا، یہ سارا دن ہماری باتیں سنتے تھے، ان کو جن کے فون سننے چاہئیں وہ بارڈر کے دوسری طرف ہیں؛ عمران خان کی ہمیشرہ کی میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو باہر نکالیں پھر ہی نیشنل سکیورٹی پر بات کریں عمران خان کے بغیر کوئی میٹنگ نہیں لیکن یہ مریم نواز کے آرڈر پر چلتے ہوئے اس کے شوق پورے کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں آج عمران سے ملاقات کا دن ہے رستوں میں ٹرک لگا دیئے گئے اور پولیس کی جانب سے علیمہ خان کی گاڑی کو اڈیالہ جیل کی طرف جانے سے روک دیا گیا، ڈیالہ جیل جانے والے راستوں میں رکاوٹیں اور ٹرک کھڑے ہونے کی وجہ سے عمران خان کی بہنیں پیدل اڈیالہ جیل کی جانب روانہ ہوئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ یہ کس کے حکم پر ہمیں روکا گیا ہے؟ یہ مریم نواز کے آرڈر پر چل رہے ہیں اس کے شوق پورے کر رہے ہیں، ہمیں مارنا ہے پیٹنا ہے قتل کرنا ہے جو کرنا ہے کریں گرفتار کرنا ہے کریں ہم یہیں کھڑے ہیں، ہم نے فون بدلے کیوں کہ یہ سارا دن ہماری باتیں سنتے تھے، گاڑی بدلتے ہیں پھر بھی یہ ہمیں دیکھ لیتے ہیں، ان کو ہمارے فون نہیں سننے چاہئیں، ان کو جنکے فون سننے چاہئیں وہ بارڈر کے دوسری طرف ہیں، نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز ان کے جہاز تیار بیٹھے ہیں جیسے ہی ملک کچھ ہوگا تو یہ پہلی فرصت میں بھاگ جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ائسولیٹ کردیا گیا اس کا باہر کی دنیا سے رابطہ ختم کردیا گیا ہے، پہلے ہم سے کہا گیا کورٹ آرڈر لے کر آئیں، اب وکلاء کورٹ آرڈر بھی لے کر آگئے لیکن پولیس بضد ہے کہ آپ یہاں سے ایک قدم بھی آگے نہیں جا سکتے، پنجاب پولیس توہین عدالت کر رہی ہے، ہم نے چیف جسٹس کو بتایا تھا کہ ہر منگل اور جمعرات کو آپ کی توہین ہوتی ہے ان کو 6 ماہ کے لیے اندر کریں کم از کم ان کی سزا 6 ماہ ہے۔