میں نے آرڈر کردیا ہے، آفس کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیگا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کر لی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم جاری کر دیا،جسٹس انعام امین منہاس نے بانی پی ٹی آئی کی کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کر لی،جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ آرڈر کردیا ہے، آفس کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیگا۔
وکیل خالد یوسف چوہدری نے استدعا کی کہ کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی تاریخ دیدیں۔ جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ میں نے آرڈر کر دیا ہے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا جائیگا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وجوہات جاننے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
توشہ خانہ 2 کیس باربارکیوں ملتوی ہورہا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکلاءکے ذریعے توشہ خانہ ٹو کیس بار بار ملتوی کرنے پر اور اس کی وجوہات بتانے کیلئے سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی ۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری کے بغیر سماعت ملتوی یا منسوخ کرنا سنجیدہ معاملہ تھا۔ سماعت بغیرقانونی وجہ کے منسوخ یا ملتوی نہیں کی جاسکتیں۔
درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی تھی کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کروائی جائے اور بانی پی ٹی آئی کی کیس میں حاضری بھی لگوائی جائے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ملزم کی حاضری کو دیکھنا ضروری ہے۔ 15 روز سے زائد ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت تسلسل کے ساتھ سماعت موخر یا ملتوی نہ کرے اور باقاعدہ وجوہات بتائے۔ وکلا کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر تھی جسے اچانک منتقل کردیا گیا تھا۔توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی الیون میں ہوئی تھی۔ 27 فروری۔ 11 مارچ کو بھی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت منسوخ یا ملتوی کردی گئی تھیں۔