کسی کے ساتھ رابطہ یا ہیلو ہائے ہونے کو ڈائیلاگ نہیں کہا جاسکتا، پی ٹی آئی ٹویٹر پر فوج سے متعلق جو باتیں ہیں وہ عمران خان نے نہیں کہی،علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارے بیک یا فرنٹ ڈورکہیں بھی ڈائیلاگ نہیں ہورہے،کسی کے ساتھ رابطہ یا ہیلو ہائے ہونے کو ڈائیلاگ نہیں کہا جاسکتا،پی ٹی آئی ٹویٹر پر فوج سے متعلق جو باتیں ہیں وہ عمران خان نے نہیں کہی،علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھی خواہش ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات سے ہونے چاہئیں، ملک کے موجودہ حالات میں ڈائیلاگ کا ہونا بہت ضروری ہے، لیکن اس وقت بیک یا فرنٹ ڈورکہیں بھی ڈائیلاگ نہیں ہورہے، کسی کے ساتھ رابطہ ہونا یا ہیلو ہائے ہونے کو ڈائیلاگ نہیں کہا جاسکتا۔
ڈائیلاگ تب ہوتا ہے جب ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھا جائے اور گفتگو شروع کی جائے، بدقسمتی سے اس قسم کی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
26نومبر سے پہلے ہمارا اسٹیبلشمنٹ رابطہ ہوا تھا، علی امین گنڈاپور بڑا اچھا کام کررہے ہیں ان کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔ سب سے اہم چیز اسپیس ملنا ہوتی ہے،اگر اسپیس مل جائے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔اس وقت اعتماد کا نہ ہونا ہے، اگر اعتماد بحال ہوجائے تو چیزیں آگے بڑھ سکتی تھیں، عمران خان کو جس کیس میں ضمانت ملنی تھی اس میں ریلیف نہیں ملا تو پھر ہم پیچھے ہٹ گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعظم سواتی سے متعلق بھی کہا کہ میں نے کسی کو کوئی اتھارٹی نہیں دی کہ میری ڈیل کیلئے مذاکرات کئے جائیں، بلکہ میں قانون طریقے سے باہر آؤں گا۔ اعظم سواتی کی جانب سے کہا گیا تھا ، جس پر عمران خان نے ان کو مذاکرات سے روکا بھی نہیں تھا۔ عمران خان نے دوٹوک کہا ہے کہ ملک اور فوج ہماری ہے، میں نے کبھی مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، مذاکرات اپنے لئے نہیں بلکہ ملک وقوم کیلئے چاہتا ہوں۔ پی ٹی آئی ٹویٹر پر فوج سے متعلق جو باتیں ہیں وہ عمران خان نے نہیں کہی۔علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، میں نے کبھی بھی علیمہ خان کو سیاسی کمیٹی کی میٹنگ یا فیصلہ سازی میں نہیں دیکھا۔