یہ حکمران اور اسٹیبلشمنٹ تنہا ہیں کیوں کہ ان کے ساتھ قوم نہیں ہے، عوام عمران خان کے بیانیے اور مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور وہ اس کے ساتھ ہے، عمران خان تنہا نہیں ہوسکتا؛ سینئر سیاستدان کا بیان
ملتان ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ قوم مشکل ترین حالات میں بھی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہے، نیلسن منڈیلا 27 سال جیل میں رہا لیکن قوم اسے بھولی نہیں اور فتح نیلسن منڈیلا کی ہی ہوئی، اسی طرح قوم عمران خان کو تنہا نہیں چھوڑے گی کیوں کہ قوم ان کے بیانیے اور مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور وہ اس کے ساتھ ہے، عمران خان تنہا نہیں ہوسکتا بلکہ یہ حکمران اور اسٹیبلشمنٹ تنہا ہیں کیوں کہ ان کے ساتھ قوم نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کئی دوست کہہ رہے ہیں کہ میں میاں نواز شریف کے بَل پر الیکشن جیتتا رہا ہوں، تاریخ کی درستگی کے لیے بتاتا چلوں کے جب بھی میاں صاحب میرے حلقے میں آئے ہیں میں ہارا ہوں، 85ء میں آزاد الیکشن جیتا، پھر 88ء میں جب میاں صاحب میرے حلقے میں آئے میں ہار گیا، 90ء الیکشن کے دور میں نہیں آئے تو میں جیت گیا، 93ء میں وہ آئے میں ہار گیا، ضمنی الیکشن ہوا ( یاسمین راشد کے سسر مالک غلام نبی 77 میں اسی حلقے سے میرے خلاف کاغذ اٹھالیے) میاں نواز شریف میرے حلقے میں نہ آئے نہ خطاب کیا، میں نے شہباز شریف سے بھی زیادہ ووٹ لیے جب کہ اسحاق ڈار اور میاں عباس شریف نے بہت کم ووٹ لیے۔
جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ 97ء میں میاں صاحب میرے حلقے میں نہ آئے اور میں جیت گیا، 2002ء میں مجھے ٹکٹ کا انکار کیا لیکن میں نے یہ الیکشن جیل میں بیٹھ کے لڑا، کوئی پارٹی لیڈر میرے لیے تقریر کرنے نہ آیا تو یہ الیکشن بھی میں جیت گیا، 2008ء میں میں نے 4 حلقوں سے الیکشن لڑا اور 3 میں جیت گیا، میاں صاحب ان تینوں میں نہیں آئے، 2013ء میں الیکشن تحریک انصاف کی ٹکٹ پر لڑا اور دو حلقوں سے جیت گیا اور 2014ء میں اسمبلی سے یہ کہہ کر استعفی دیا کہ میں نے اپنی سیاست قربان کردی ہے اور جہاں تک میرے اوپر شریف خاندان کے احسانات کا الزام ہے تو ملتان میں میرا ہی گھر میاں نواز شریف ہوں یا میری بہن محترم کلثوم نواز ہوں، ان کے لیے جائے پناہ رہا، تب سے اب تک مسلم لیگ کا ملتان سے صفایا ہوگیا۔