ماتحت عدالتوں میں کسی بھی قسم کا مقدمہ دائر کرنے کیلئے مدعی کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالتوں میں جعلی اور غیر ضروری مقدمات کی روک تھام کیلئے فیصلہ سنا دیا
لاہور( نیوز ڈیسک ) پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں مدعی کی تصویر کے بغیر کیس دائر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں جعلی اور غیر ضروری مقدمات کی روک تھام کیلئے تاریخی فیصلہ سنا دیا،لاہورہائی کورٹ نے جعلی و غیر ضروری کیسز کے خاتمے کیلئے درخواست گزار کا مقدمات کیلئے عدالت آنا لازمی قرار دیدیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے انتظامی کمیٹی کی منظوری کے بعد پنجاب بھر کے سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں کیسز دائر کرنے سے متعلقہ نئے ایس او پیز طے کر دئیے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اب مدعی یا درخواست گزار کو خود عدالت میں پیش ہونا لازم ہوگا اور بائیو میٹرک کے بغیر کوئی بھی کیس درج نہیں ہوسکے گا۔
فیصلے کے مطابق پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں اب کسی بھی قسم کا مقدمہ دائر کرنے کیلئے مدعی کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ نئے ایس او پیز کے مطابق پورے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں اب کیسز دائر کرنے کیلئے مدعی یا درخواست گزار کو خود عدالت چل کر آنا ہو گاجہاں سپیشل کاو¿نٹر پر مدعی یا درخواست گزار کی بائیو میٹرک تصدیق ہو گی اور ویب کیمرے سے مدعی یا درخواست گزار کی تصویر لی جا سکے گی اور پھر اس تصویر کو درخواست گزار کے کیس کے پہلے صفحے پر پرنٹ کیا جائے گا جس کے بعد کوئی بھی سائل کیس دائر کر سکے گا۔
بوگس کیسز کی تعداد میں بے شمار اضافے کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے صوبے بھرمیں مدعی یا درخواست گزار کے نہ آنے اور بائیو میٹرک نہ کروانے والے سائلین کے کیسز کی ڈائری پر پابندی لگا دی ہے۔اس سے قبل کوئی بھی کیس دائر کرنے کیلئے صرف سائل کے شناختی کارڈ کی کاپی استعمال ہوتی تھی اور کیس دائر ہو جاتا تھا۔دوسری جانب پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے چیف جسٹس کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے جعلی اور بے بنیاد کیسز کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف بوگس کیس کی دائری رکے گی بلکہ کیسز کا بوجھ بھی عدالتوں میں کم ہو گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر ضلع میں بائیو میٹرک کیلئے زیادہ سسٹم نصب کئے جائیں گے تاکہ سائلین کو پریشانی نہ ہو۔