پاکستانیوں کو وہ تمام سہولیات میسر ہوں گی جو بیلاروس کے شہریوں کو مہیا ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیلا روس کے دوران پاکستان اور بیلا روس کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کی گفتگو
منسک ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کیلئے بیلا روس میں روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں، پاکستانیوں کو وہ تمام سہولیات میسر ہوں گی جو بیلاروس کے شہریوں کو مہیا ہیں،ہنرمند پاکستانیوں کو بیلا روس میں بھجوانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے،منسک میں نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ بیلاروس کے صدر نے ڈیڑھ لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو روزگار دینے کی بات کی ہے جس سے ہمارے نوجوانوں کو بیلا روس میں روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تعلقات کا سنگ بنیاد نواز شریف نے 2015ءمیں رکھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں پر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیلا روس کے دوران پاکستان اور بیلا روس کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزپاکستان اور بیلاروس کے درمیان پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق کرلیا گیا، دونوں ممالک درمیان فوجی تعاون اور تجارت میں اضافے کے بھی معاہدے کئے گئے تھے۔
پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات نئے دور میں داخل ہوگئے تھے۔پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں کے تبادلے کی تقریب کا انعقاد کیا گیاتھا۔وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈرلوکاشینکو نے تقریب میں شرکت کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچے تھے جہاں میزبان صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔
مسلح افواج نے انہیں سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیاتھا۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے تھے۔ تقریب میںپاکستان اور بیلا روس کی وزارت دفاع کے درمیان فوجی تعاون کا معاہدہ ہواتھا۔اس سے قبل بیلا روس کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان بیلا روس کے ایوان آزادی میں دو طرفہ ملاقات ہوئی تھی۔ پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
دونوں رہنماﺅں کے کے درمیان طے پایا تھاکہ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔ الیکٹرک گاڑیوں، بسوں کی تیاری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائےگا۔ دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھایا جائے گا۔یہ بھی بتایا گیا تھا کہ دونوں رہنماوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماوں کا پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کے تمام پہلووں میں حالیہ مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا تھا۔