پی ٹی آئی رہنماءعارف علوی نے بھی مذاکرات کی حمایت کر دی

ہم اس بات کو سراہیں گے کہ آئندہ الیکشنز اور جمہوریت کے قیام کیلئے مذاکرات ہوں، عمران خان نے ملک کی خاطر مذاکرات کی حامی بھری ہے،رہنماءپی ٹی آئی کا غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف عارف علوی نے بھی مذاکرات کی حمایت کر دی،آئندہ انتخابات سے متعلق مذاکرات ہوتے ہیں تو خیرمقدم کریں گے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک کی خاطر مذاکرات کی حامی بھری ہے،دورہ امریکہ کے دوران سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اس بات کو سراہیں گے کہ آئندہ الیکشنز اور جمہوریت کے قیام کیلئے مذاکرات ہوں۔
ملک میں ہونے والے احتجاج کو طاقت کے زور پر روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اس وقت آزاد نہیں ہیں۔ عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔گفتگو کے دوران رہنماءپی ٹی آئی عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کا نوجوان اس وقت مایوس ہے کیوں کہ اس کی آواز نہیں سنی جا رہی۔
بلوچستان کے مسئلے کا حل بھی مذاکرات میں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں پی ٹی آئی بلوچستان سے جیتی مگر ہمارے ووٹ کم گنے گئے، ووٹ کم نہ گنے جاتے تو بلوچستان سمیت تمام صوبوں میں ہماری حکومت ہوتی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماءاعظم سواتی کا کہنا تھا کہ بات چیت کے حوالے سے اس ہفتے یا اگلے ہفتے کوئی نہ کوئی پیشرفت ضرور ہوگی۔انہوں نے کہا تھا کہ میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ملک میںآنے کا انتظار کر رہا تھا۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ سارے اداروں کو جوڑ سکیں اور نفرتیں ختم کر سکیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاعظم سواتی کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان لوگوں کے دلوں پر راج کرتا ہے اور بچہ بچہ ان سے پیار کرتا تھا۔بانی پی ٹی آئی پاکستان کی سوچ ہے جسے کوئی مائنس نہیں کر سکتاتھا۔
عمران خان نے آنے والی نسلوں کیلئے بات چیت پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور آج بھی متحرک ہیں اور جو لوگ اس وقت متحرک ہیں میں ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ 11 سال سے مقدمہ ہے اور یہ سیاسی مقدمہ تھا جس ملک میں انسانی حقوق معطل کر دئیے جائیں وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا تھا۔