ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت کا سوشل میڈیا صارفین پر طنزیہ تبصرہ وائرل
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت کا سوشل میڈیا صارفین پر طنزیہ تبصرہ وائرل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو کے دوران ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’مجھے کسی شخص کا طویل پیغام موصول ہوا جس میں اس نے لکھا کہ میں پچھلے کافی عرصے سے یو کے میں رہ رہا ہوں، میں اگر پاکستان آؤں گا تو مجھے کوئی کچھ کہے گا تو نہیں؟‘۔
اس کے ساتھ ہی ملک لیاقت کہتے ہیں کہ ’میرا دل کیا اس شخص کو موبائل فون سے باہر نکال کر اس کے منہ پر زوردار تھپڑ رسید کروں کہ تو اتنا بڑا ڈونلڈ ٹرمپ ہے کہ تو یہ سمجھ رہا ہے کہ میں پاکستان جاؤں گا تو شاید پاکستان میں کانگو اور روانڈہ سے بھی آگے والا ماحول ہے، جگہ جگہ لوگ کلاشنکوف لے کر کھڑے ہیں جو یہان آتے ہی تیری پینٹ بھی اتار لیں گے، جوتا بھی لوٹ کر لے جائیں گے‘۔
اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ’سوشل میڈیا پر کوئی بات کریں تو 5 ہزار سکالر کہتے ہیں ہمارے ٹیکسوں سے تنخواہ لے رہے ہیں، ان سے پوچھو تم نے ٹیکس کتنا دیا ہے؟ او بے شرم تم تو فائلر ہی نہیں ہو ہمیں لیکچر دیتے ہو، شرمندہ ہوتے ہی نہیں اتنے کوئی بے شرم لوگ ہیں جو کہتے ہیں ہمارے ٹیکسوں کے پیسے پر پلنے والے ہمیں باتیں کرتے ہیں، تم کرتے کیا ہو جو تم تیکس دیتے ہو؟ سوائے والد کی روٹی کھانے اور سوشل میڈیا کا پیکج لگا کر بکواس کرنے کے علاوہ تم کیا کرتے ہو؟ کوئی محنت مزدوری کرکے والد کا ہی سہارا بن جاؤ، چار پیسے گھر کماکر لے جاؤ والد کو ہی سکھی کردو لیکن بس فیس بک پر بیٹھ کر سکالر بنے ہوئے ہو‘۔