ایم کیو ایم کراچی کے عوام سے معافی مانگے، ناصر شاہ

ایم کیو ایم کراچی کے عوام سے معافی مانگے، ناصر شاہ

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو چاہیے کہ وہ کراچی کے عوام سے معافی مانگے۔

کراچی میں خالد مقبول صدیقی کی قیادت ایم کیو ایم کی ریلی پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میں کراچی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جو آج ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست سے علیحدہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ایم کیو ایم کی ریلی ایک یونین کونسل کی ریلی تھی بلکہ یہ ریلی نہیں تھی نفرت کی سیاست کی ابتدا کی کوشش تھی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے 3 دہائیوں تک کراچی کے عوام کو یرغمال رکھا، اس نے بہنوں سے بھائی، سہاگن سے ان کا سہاگ اور ماؤں سے بچے چھین کر قتل کئے۔

اُن کا کہنا تھاکہ کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کی محبت، عزت اور آزادی کا دورہ دیکھا ہوا ہے، اب شہر کے عوام نے انہیں رد کردیا ہے اور آئندہ انتخابات میں انہیں گھر بھیجے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہاکہ ایم کیو ایم کے ہاتھ کراچی کے معصوم عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، انہیں چاہیے کہ کراچی کے عوام سے ان کا خون بہانے پر معافی مانگیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اب ایم کیو ایم جاکر خیالوں میں نفرت کی ریلیاں نکالے، عوام ان کی مکاری سے واقف ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں