بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کس مہینے سے ہوگی ،وفاقی وزیر توانائی نے تاریخ بتا دی

مئی کے مہینے کا بل قیمت میں کمی کے ساتھ آئے گا،و کروڑ صارفین کے بلوں میں تقریباً بجلی کی قیمتوں میں 48 سے 56 فیصد کمی آئی ہے،وفاقی وزیر توانائی کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کس مہینے سے ہوگی ،وفاقی وزیر توانائی نے تاریخ بتا دی، اویس لغاری کا کہنا ہے کہ مئی کے مہینے کا بل قیمت میں کمی کے ساتھ آئے گا،وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ دو کروڑ صارفین کے بلوں میں تقریباً بجلی کی قیمتوں میں 48 سے 56 فیصد کمی آئی ہے۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ یہ متوسط طبقے کیلئے بہت بڑی کمی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد اب بجلی کا ریٹ کیا ہوگا سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر شیئر کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بجلی ریٹ سے متعلق تمام تفصیلات ایکس(ٹوئیٹر) پر شیئر کریں گے۔ گھریلو صارفین کے 6 مختلف سلیب ہیں۔ جون میں بجلی کا ریٹ کیا اور اب کتنی کمی ہوگی اس کی بھی تفصیلات شیئر کریں گے۔
کمرشل صارفین کا جون میں 71 روپے ریٹ تھا۔جو اب 62 روپے 47 پیسے ہوگا۔

کمرشل صارفین کے ریٹ میں 12 فیصد کمی آئی ہے۔وفاقی توانائی اویس لغاری کاکہنا تھا کہ ڈسکوزکی نجکاری ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو تحفہ دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ7روپے سے زائدکمی کااعلان کیاتھا۔وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کیلئے 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 59 پیسے سستی کی تھی۔
بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کیلئے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیاگیا تھاجس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر توانائی اویس لغاری،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،وفاقی وزیر علی پرویز ملک ،وزیراطلاعات عطا تارڑ ،وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،رانا تنویر حسین، حنیف عباسی، شزا فاطمہ، مصطفیٰ کمال سمیت رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے ممبرا ن بھی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ ہم آج اللہ پاک کے شکرگزار ہیں کہ میاں نواز شریف کا وہ وعدہ پورا ہو جس کا ہم نے اپنے منشور میں کیا تھا ۔میں کھلے دل کے ساتھ اس حقیقت کا اعتراف کرتا ہوں کہ اس سارے عمل میں آرمی چیف جنرل سید محمد عاصم منیر اور ان کے رفقائے کار کا مجھے اور میری ٹیم کو بھرپور تعاون حاصل رہا اور کلیدی کردار رہاتھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہناتھاکہ عید کے موقع کی مناسبت سے پاکستان کی معاشی ترقی و استحکام کیلئے ایک ادنیٰ سے خوش خبری سنانے کیلئے آیا تھا۔ اللہ کے فضل سے وہ وعدہ پورا ہوا جس کا نواز شریف نے ن لیگ کے منشور میں اعلان کیا تھا۔ان کایہ بھی کہنا تھاکہ ہم نے اپنے منشور میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو رفتہ رفتہ معیشت کی صورت حال بہتر ہوگی اور بجلی کی قیمتیں کم کریں گے۔