پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کا حال کینڈی شاپ پر جانے والے بچوں جیسا ہے، فواد چوہدری

تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی میں کامیابی کی امید نہیں نظر آرہی، سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کا حال کینڈی شاپ پر جانے والے بچوں جیسا ہے،پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی میں کامیابی کی امید نہیں نظر آرہی،سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر سوالات اٹھا دیئے،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو باہر نکالنے کی آخری سنجیدہ کوشش ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کی تھی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کوجیل میں قید ہوئے 600 دن ہو گئے ہیں اب تک انہیں جیل سے باہر ہونا چاہیے تھا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت احمقوں کا اجتماع ہے ان میں عقل نام کی کوئی چیز نہیں۔
میں نے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران کہا تھا پہلے پارٹی میں ایک عثمان بزدار تھااب آپ نے اپنی پارٹی میں کئی بزدار شامل کر لئے ہیں۔

تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کا یہ کمال ہے کہ یہ لوگ ایک سال میں کوئی سیاسی اتحاد نہیں بنا سکے ہیں۔قیادت کے فقدان کی وجہ سے یہ لوگ اپوزیشن جماعتوں سے رابطے رکھنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کا ایک ہی کام یہ ہے کہ صرف لوگوں کو پارٹی سے نکالناہے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے جو بھی اختلاف کرتا ہے اسے پارٹی نکال دیا جاتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کو سیاست کا کیا پتا وہ تو پانامہ میںسابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل تھے۔پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرفوادچوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کو نہیں جانتے۔پی ٹی آئی کی سینئر قیادت سے سیاست چھڑا دی گئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو صرف فلاں فلاں کو نکال دیا کیلئے رکھا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو بیوقوف بھی قرار دیا تھا۔