پی ٹی آئی کی سیاسی ٹیم میں تجربے کی کمی ہے، سیاسی ٹیم عمران خان کو جیل سے باہر لانے کا لائحہ عمل دینے میں ناکام ہے؛ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے سابق وکیل کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے سابق وکیل فیصل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو جو انڈرٹیکنگ دی اس کا عمران خان کو بھی نہیں پتا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے پوچھیں گے کہ میرے خلاف کیا کان بھرے گئے ہیں؟ اس واردات کو آسانی سے نہیں جانے دیں گے۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی ٹیم میں تجربے کی کمی ہے، سیاسی ٹیم عمران خان کو جیل سے باہر لانے کا لائحہ عمل دینے میں ناکام ہے، سیاسی لوگ خود تو آتے نہیں ہیں اس صورتحال میں عید کے بعد سڑکیں کیسے گرم ہوں گی؟ جب کہ سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو جو انڈرٹیکنگ دی اس کا عمران خان کو بھی نہیں پتا، انہوں نے عدالت میں پارٹی کے ہاتھ کاٹ کر بھی دے دیئے پھر بھی عمران خان کی بہنوں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہوئی۔
قبل ازیں فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی سربراہی میں اپوزیشن کا اتحاد جلد بنے گا، سیاسی اتحاد میں ہمیشہ چند چیزوں پر اتفاق ہوتا ہے، اس حوالے سے ہم بھی کوشش کررہے ہیں، ملک میں آئین جمہوریت آزاد عدلیہ کی جدوجہد جاری رہے گی، عمران خان کے متعدد خطوط کے بعد اب ایک آرٹیکل بھی آچکا ہے، سیاسی اتحاد کے حوالے سے ہماری ٹیم کام کررہی ہے، ہماری بات چیت شروع ہوئی تو وزیراعظم مولانا فضل الرحمان سے ملنے پہنچ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس روکی گئی، جب ہماری سیاسی جماعتوں سے بات شروع ہوئی تو لمبی تاریخ ڈلوائی اور ملاقات پر پابندی لگا دی گئی، ملک کو آگے لے جانے کے لیے صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے کیوں کہ ملک میں اس وقت ایک ان سینسر مارشل ہے، تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس کے خلاف جدوجہد کریں گی، جس کے لیے عمران خان کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا، سیاسی اتحاد میں ہمیشہ چند چیزوں پر اتفاق ہوتا ہے، اس حوالے سے ہم بھی کوشش کررہے ہیں اور ملک میں آئین جمہوریت آزاد عدلیہ کی جدوجہد جاری رہے گی۔