افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا مسئلہ اہم ہے، دہشت گرد پناہ گاہیں پاک افغان تعلقات میں سنگین رکاوٹ ہیں، افغانستان کے ساتھ جعفر ایکسپریس حملے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا؛ ترجمان فارن آفس کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی کی ڈیڈ لائن تبدیل نہیں ہوگی، افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا مسئلہ اہم ہے، دہشت گرد پناہ گاہیں پاک افغان تعلقات میں سنگین رکاوٹ ہیں، صادق خان کا دورۂ افغانستان ایک اعلیٰ سطح دورہ تھا، صادق خان کے دورے میں تمام پہلوؤں پر بات چیت کی گئی، یہ ایک جاری اور مسلسل پراسس ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صادق خان کے دورے میں افغانستان کے ساتھ جعفر ایکسپریس پر ہوئے حملے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، دورے میں طوربارڈر پر تعمیرات سمیت تمام معاملات اٹھائے گئے جب کہ روس اور یوکرین کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سیز فائر خوش آئند ہے، امید کرتے ہیں سیز فائر مستقل ہوجائے، پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہم نے ہمیشہ بات چیت کو فوقیت دی۔
امریکہ میں پاکستان کے خلاف پیش ہونے والے بل پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ہم امریکہ میں پیش کیے گئے بل سے آگاہ ہیں، یہ ایک فرد کی جانب سے اٹھا گیا اقدام ہے، یہ بل پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کا عکاس نہیں ہے، اُمید کرتے ہیں امریکی کانگریس دونوں ممالک کے اچھے تعلقات کے لیے اقدامات کرے گی۔ پاکستانی صحافیوں کے دورۂ اسرائیل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں ہو سکتا، اس پہلے جو اسرائیل کے دورے ہوئے وہ ڈیول نیشنل تھے، پاکستان کے اسرائیل پر مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پاکستانی پاسپورٹ پر واضح تحریر ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے کارآمد نہیں ہے، تکنیکی طور پر کوئی پاکستانی اس پاسپورٹ پر اسرائیل میں داخل نہیں ہو سکتا، اگر کوئی داخل ہوتا ہے تو اس کے لیے خصوصی انتظامات اس ریاست کی جانب سے کیے گئے ہوں گے۔