جنوبی وزیرستان کے علاوہ تورہ گولہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا
پشاور ( نیوز ڈیسک ) ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کا دہشتگرد کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سعید ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا جب کہ جنوبی وزیرستان کے تورہ گولہ کے علاقے میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوا، پولیس اہلکار عمران پولیس لائن وانا میں تعینات تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ٹانک میں ڈیورنڈ گیٹ کے قریب پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے، اس کے علاوہ ڈی آئی خان رتہ کلاچی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا، اسی طرح کرک میں بہادر خیل کے پہاڑی سلسلے میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ ہنگو میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار شرپسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ کے اہلکار مقبول اکبر کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن ہنگو میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد خالد خان، ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان، ایس پی انوسٹی گیشن عارف خان، ایس پی آپریشن اسد زبیر خان اور دیگر پولیس افسروں ا ور اہلکاروں سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن، ڈی پی او ہنگو اور ڈپٹی کمشنر نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائیں اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی، ڈی آئی جی عباس مجید خان مروت نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کی پیشہ ورانہ خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بعدازاں شہید کے جسد خاکی کو اپنے آبائی علاقے دربند روانہ کردیا گیا۔