فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ملاقات میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، عمران خان بلائیں تو ملنے جاؤں گا، شیر افضل مروت

میرا کسی پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، اگر کوئی ملے تو اس سے سلام دعا کر لیتا ہوں؛ رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کا کہنا ہے کہ فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ہیں جو ملاقات میں رکاوٹ ڈالتے ہیں لیکن جب بھی عمران خان بلائیں گے تو ملنے جاؤں گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا کسی پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، کوئی ملے تو سلام دعا کر لیتا ہوں، عمران خان مجھے جب بھی بلائیں گے تب میں ان سے ملنے جاؤں گا لیکن اس وقت فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ہیں جو ملاقات میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی پوری قیادت مقدمات میں نامزد ہے، کسی دن پی ٹی آئی کا کوئی ایک رہنما عدالت ہوتا ہے تو کسی دن دوسرے کو آنا پڑتا ہے، 26 نومبر کو گاڑیاں بھی ہماری چھینی گئیں اور مقدمات بھی ہم پر بنائے گئے تو عمران خان 26 نومبر کی معافی کیوں مانگیں؟۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف سے حال ہی میں نکالے جانے والے شیرافضل مروت یہ الزام بھی عائد کرچکے ہیں کہ کچھ لوگ لالچ اور ڈالروں کے چکر میں ہیں اسی لیے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ ڈالروں کیلئے ریاست پر حملہ آور ہیں، عمران ریاض، شہباز گل، حیدر مہدی اور عادل راجہ جیسے لوگوں نے پارٹی کی ڈائریکشن خراب کی، ان کے علاوہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ بھی ڈالر کے لیے ریاست کو گالیاں دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی کو 3 ماہ کے لیے خیرباد کہہ رکھا ہے، 3 ماہ تک پی ٹی آئی کی کسی بھی ایکٹویٹی میں شرکت نہیں کروں گا، پارٹی انتشار کا شکار ہے، فارورڈ بلاک کی باتیں ہورہی ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں پی ٹی آئی نے مفت میں بدنام کیا، ایسے لوگوں کو بدنام کیا گیا جن کے نہ ضمیر بکے اور نہ ہی انہوں نے پیسے لیے لیکن باہر بیٹھ کر کچھ لوگ اپنے آپ کو شہ زور کہتے ہیں اور ڈالر بھی کما رہے ہیں، یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں، خبریں کوئی نہیں ہوتی یہ بات کا بتنگڑ بناتے ہیں، کبھی یہ لوگ کہتے ہیں عمران خان کی طبیعت خراب ہے، کان میں انفیکشن ہوگیا، کبھی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا بند کردیا گیا ہے۔