آئی ایم ایف وفد نے وزیر خزانہ کو معاشی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو معاشی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ واضح رہے کہ پاکستان کو 7 ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکیج میں سے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کی ادائیگی کے حوالے سے اقتصادی جائزے کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان میں موجود ہے۔

آئی ایم ایف وفد اور معاشی ٹیم کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کا آج آخری روز ہے۔ اس حوالے سے مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف کا وفد وزارت خزانہ پہنچا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، وفد نے اب تک معاشی ٹیم کی کارکردگی اور اقدامات کو سراہا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کو تمام اہداف پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ قرض پروگرام میں رہتے ہوئے کسی اہداف کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔