ریلوے کی زمینوں پر قبضے ہیں جنہیں چھڑانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے لینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی، جس سے اربوں اور کھربوں روپے کی آمدنی متوقع ہے؛ حنیف عباسی کی گفتگو
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے بتایا ہے کہ مین لائن ون منصوبے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے تحت دوست ملک اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا، اس کے علاوہ موجودہ حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو بھی دوبارہ بحال کر دیا ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے دور میں الزامات اور رکاوٹوں کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں چینی کمپنیوں اور اعلی عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ چینی حکام بھی مبینہ کرپشن میں ملوث ہیں، جس سے سی پیک کے منصوبوں کو نقصان پہنچا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کے دوران سی پیک کی بحالی کو یقینی بنایا، جس کے بعد سے 9 اقتصادی زونز پر چین کے ساتھ مل کر کام شروع کر دیا گیا ہے جب کہ انڈسٹری کے لیے 23 مارچ سے بجلی کے نرخ کم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، بجلی کے نرخ میں کتنی کمی ہوگی اس کی تفصیلات وزیراعظم خود اعلان کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی کہتے ہیں کہ پاکستان کا ریلوے کا نظام 150 سال پرانا ہے، اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت ہماری اولین ترجیح ٹرینوں کو بروقت روانہ کرنا ہے، ان کی صفائی ستھرائی کو بہتر بنانا اور کارگو سروسز میں بہتری لانا ہے، ریلوے کی زمینوں پر قبضے ہیں جنہیں چھڑانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے لینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی، جس سے اربوں اور کھربوں روپے کی آمدنی متوقع ہے۔