انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ملزمان کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا،اے ٹی سی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے 56 کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کر لی،عدالت نے ملزمان کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا،اے ٹی سی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر کیس کی سماعت کی ۔پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران درج مقدمات میں 56 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے پی ٹی آئی کے 56 کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی کے 56 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف تھانہ ترنول اور تھانہ کوہسار میں مقدمات درج تھے جن میں انہیں26 نومبر احتجاج کے دوران مختلف الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
مظاہرین پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے، مجمع جمع کرکے شاہراہوں کو بند کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج اور پرتشدد مظاہروں پر مختلف تھانوں میں مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کئے گئے تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماءاسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی تھی۔
انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اسد قیصر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اسدقیصر کی وکیل عائشہ خالد عدالت پیش ہوئیں تھیں۔عدالت نے سنگجانی جلسہ اور توڑپھوڑپر درج مقدمات میںپاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کی عبوری ضمانت میں15 اپریل تک توسیع کی تھی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل بھی طلب کئے تھے۔دوران سماعت وکیل نے پی ٹی آئی رہنماءاسد قیصر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی جو عدالت نے منظور کرلی تھی۔بعدازاں عدالت نے درخواست ضمانت پر مزید سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔