سابق سینیٹر زاہد خان کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی شمولیت سے ن لیگ کی طاقت میں اضافہ ہوگا، خیبرپختونخواہ کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشتگردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ، صدر ن لیگ نوازشریف
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کا ایجنڈا پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرناہے، سابق سینیٹر زاہد خان کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن خیبرپختونخواہ کے صوبائی عہدیداروں نے پارٹی صدر نواز شریف سے ملاقات کی ۔
ملاقات میں نوازشریف نے اے این پی کے سابق سینیٹر زاہد خان کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زاہد حسین منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں، ان کی شمولیت سے ن لیگ کی طاقت میں اضافہ ہوگا، خیبرپختونخواہ کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشتگردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ن لیگ کا ایجنڈا ہے، جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہوا تو اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیل دیا گیا، پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک نامکمل ہے جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔
ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایک بار ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستانی معیشت کو بحالی کے راستے پر ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معیشت میں ڈھالنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔ صدر مسلم لیگ(ن) نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے 20 پسماندہ ترین اظلاع کے لئے ترقیاتی منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پسماندہ علاقوں کی ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئے ہیں تاکہ ترقی میں کوئی علاقہ یا طبقہ محروم نہ رہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے صدر مسلم لیگ (ن) کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ائیرپورٹ کی فنڈنگ کو پی ٹی آئی کی حکومت میں روک کر منصوبے کو ترک کردیا گیاتھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفینگ بھی دی۔پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں مسلم لیگ کے صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی، اس موقع پر عید کے بعد مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی۔ میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔