پاکستان کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہی ہوگا اگر روک سکتے ہو تو روک لو

پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے گی، مریم نواز کی کارکردگی ٹک ٹاک تک محدود ہے، لاہور میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جبکہ باقی پنجاب کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی پنجاب حسن مرتضیٰ

لاہور( نیوز ڈیسک ) جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہی ہوگا اگر روک سکتے ہو تو روک لو، مریم نواز کی کارکردگی صرف ٹک ٹاک تک محدود ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پرردعمل میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی صرف ٹک ٹاک تک محدود ہے اور لاہور کے سوا پنجاب کے باقی اضلاع کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک ہورہا ہے۔
لاہور میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دے کر باقی پنجاب کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ پنجاب میں کسان ، تاجر اور مزدور طبقہ مریم نواز کی پالیسیوں کی بدولت ابتری کا شکار ہے، تاجروں کے کاروبار تباہ کردیئے گئے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا گورنر پنجاب صوبے کا آئینی سربراہ ہے، حکومت کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا گورنر کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں حکومت سندھ کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کہنے کہلانے سے وزیراعظم نہیں بنواتی بلکہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آتی ہے اور پاکستان کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہوگا روک سکتے ہو تو روک لو۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز آج پنجاب سمیت پورے پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں، نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت اسکا منہ بولتا ثبوت ہے،مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں بہت پریشان ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر وزیراعلی کے پی اور انکے ترجمان مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو کرتے ہیں۔