جنرل عاصم منیر کے حکم پر اڈیالہ جیل میں بیٹھا کرنل ہمارے اوپر مزید سختیاں کروا رہا ہے، عمران خان

بشریٰ بی بی کو مکمل طور پر اکیلے رکھا گیا ہے تاکہ ان کا بریک ڈاؤن ہو اور یہ مجھ سے ڈیل کر سکیں لیکن میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا؛ سابق وزیراعظم کی گفتگو علیمہ خان کی زبانی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ جنرل عاصم منیر کے حکم پر اڈیالہ جیل میں بیٹھا کرنل ہمارے اوپر مزید سختیاں کروا رہا ہے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ آج سے آئندہ ایک ہفتے کے لئے کوئی بھی عمران خان کے ساتھ نہیں مل سکتا، عمران خان نے بتایا جنرل عاصم منیر کے حکم پر اڈیالہ جیل میں بیٹھا کرنل ہمارے اوپر مزید سختیاں کروا رہا ہے، بشریٰ بی بی کو مکمل طور پر اکیلے رکھا گیا ہے تاکہ ان کا بریک ڈاؤن ہو اور یہ مجھ سے ڈیل کرسکیں، مقدمات کی سماعت ملتوی کرنے کا مقصد بشری بی بی کو قید تنہائی میں رکھ کر مجھ پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ میں وہ کروں جو وہ جاہتے ہیں، عمران خان نے تاکید کرکے کہا ہے کہ قوم کو بتاؤ یہ تمام آرڈر عاصم منیر دے رہا ہے لیکن میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔
سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو سلوک ہورہا کیا سابق وزیراعظم کے ساتھ یہ ہونا چاہیئے ؟ ہم پوچھتے ہیں who are you؟ ہم 20 منٹ عمران خان کے ساتھ رہے لیکن بشریٰ بی بی کو نہیں لایا گیا تو ہم نے جیل میں احتجاج ریکارڈ کروایا کہ اگر بشریٰ بی بی کو نہ لایا گیا تو ہم یہاں سے نہیں جائیں گے، اس پر انہوں نے ہمیں دھمکی لگائی کہ اگر آپ نے احتجاج بند نہ کیا تو آپ کی ملاقاتوں پر بھی پابندی لگ جائے گی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کی صحت بلکل ٹھیک ہے اور آج بھی وہ بلکل صحت مند ہیں، جان بوجھ کر ان کی میڈیا فیکٹری صحت خرابی کی خبریں چلاتی ہے کہ لوگ پریشان ہوں، ہمیں پریشان کرنے کے لیے ہی آج جب ہم اسلام آباد سے آرہے تھے تو ہمیں دو کلومیٹر پیچھے روک دیا، ہمارے وکلاء، سلمان اکرم راجہ اور دیگر کو بھی روک لیا، پھر جب پولیس کو اجازت ملی تو ناکہ کھول دیا، ہمارے لیے عمران خان ضروری ہیں ہمیں فرق نہیں پڑتا کہ کوئی پارٹی میں آئے یا نہ جائے، 10 دن کے لیے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اِس سے زیادہ پارٹی اور ہمارے لئے کیا اہم ہو سکتا ہے۔