وزیراعظم سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، ٹرمپ انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کا اعادہ

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی تعلقات کا ذکر کیا، دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے ٹرمپ انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے مزید فروغ پر زوردیا۔

امریکا سے آئی ٹی، زراعت، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ملک داعش اور فتنہ الخوارج سے لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے قریبی تعاون کو جاری رکھیں۔

امریکی ناظم الامور نے یقین دہانی کرائی کہ نئی انتظامیہ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرے گی۔