عید کے بعد پی ٹی آئی کے پرانے لوگوں کے 2 فاروڈ بلاک بنیں گے

عید کے بعد کوئی گرینڈ الائنس اور دھرنا نہیں ہوگا، پی ٹی آئی اپنے بانی کے خطوط کی توثیق نہیں کررہی،پی ٹی آئی کیلئے کہیں سے بھی برف نہیں پگھل رہی۔ سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سیاسی رہنماء سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے پرانے لوگوں کے 2 فاروڈبلاک بنیں گے، اب کوئی گرینڈ الائنس اور دھرنا نہیں ہوگا، پی ٹی آئی اپنے بانی کے خطوط کی توثیق نہیں کررہی،پی ٹی آئی کیلئے کہیں سے بھی برف نہیں پگھل رہی۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سنجیدہ سیاست کرنے کا عادی ہوگیا ہوں، اس وقت جو محنت کررہا ہے وہ آرمی چیف ہے، آرمی چیف ہی ہمارے لئے روشنی کی کرن ہیں اور پاکستان کو سمت میں لانے میں آرمی چیف کا کردار ہے، اسی وجہ سے ہم نے سیاست کو پیچھے اور پاکستان کو پہلے کردیا ہے، عید کے بعد کوئی گرینڈ الائنس اور دھرنا نہیں ہوگا، عید کے بعد پی ٹی آئی کے پرانے لوگوں کے 2 فاروڈبلاک بنیں گے، پی ٹی آئی کے جو لوگ باہر ہیں ان کا بھی فاروڈ بلاک بنے گا۔
تحریک انصاف بانی کے خطوط کی توثیق نہیں کررہی، پی ٹی آئی بانی کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی ، پوری پارٹی بانی سے لاتعلقی کرکے بیٹھی ہوئی ہے، شیر افضل مروت کراؤڈ پُلر ہیں، ان کی پارٹی کو ضرورت ہے، جو لیڈر کمپرومائزڈ ہیں وہ شیر افضل مروت سے سکیور ہورہے ہیں، جنید اکبر بانی کے مخلص آدمی ہیں، جنید 3سے 6ماہ میں استعفا دے کر چلے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کیلئے کہیں سے بھی برف نہیں پگھل رہی۔
پروگرام میں رہنماء پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا کہ سنا ہے کہ آج مریم نواز نے جنید صفدر ، اور حسن حسین کے بچوں پر تنقید کی ہے کہ لندن میں کیوں ہیں اور نواز شریف پر تنقید کی ہے کہ وہ تین چار سال وہاں رہے ہیں؟ یہ تو بڑی زیادتی ہے۔مریم نواز کے خطابات کا نہ منہ نہ سر نہ پیر ہے، سرپلس میں کون سا صوبہ جارہا ہے؟دونوں جماعتیں حکومت کررہی لیکن سیاست نہیں رہی ، ن لیگ کی سیاست باقی نہیں رہی۔