عید کے بعد پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کا حال بھی خطوط والا ہی ہوگا، امیرمقام کا طنزیہ تبصرہ

پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خطوط لکھنا ملک دشمنی ہے، عمران خان کو ملک کی بجائے ذاتی مفاد عزیز ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور اپنے صوبے پر توجہ دیں؛ وفاقی وزیر کا تقریب سے خطاب

کراچی ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخواہ انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کا حال خطوط والا ہی ہوگا، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خطوط لکھنا ملک دشمنی ہے، عمران خان کو ملک کی بجائے ذاتی مفاد عزیز ہے۔ مسلم لیگ ن ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر آدمی مہنگائی سے پریشان تھا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کی، پاکستان پر سیاست قربان کرکے نواز شریف اور شہباز شریف نے ثابت کیا کہ وہ محب وطن ہیں، دلیر ہیں اور عوام کے مفاد کے لئے ہر قربانی دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں، مسلم لیگ ن نے پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچانے اور خانہ جنگی کرانے کی سازش سے بچایا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے سمجھا ہم سب پاکستانی ہیں اور انہوں نے اپنا کردار ادا کیا، ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں پر فخر ہے، افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ملک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ خطوط لکھ کر پاکستان کی معاشی مدد بند کرانے کی کوشش کرنے والا آج خود اڈیالہ جیل میں بند ہے، دوسروں کے گھروں پر حملے کرانے والے کے لیڈر آج خود ایک دوسرے کو مکے اور تھپڑ مارہے ہیں، پی ٹی آئی والے اب خط کے جواب کو ترستے ہی رہیں گے، خط کی سیاست بھی ان کے احتجاج کی طرح فیل ہوگئی ہے، پنکی پیرنی خیبر پختونخواہ میں فرح گوگی وزیر اعلیٰ چاہتی ہے، خیبر پختونخواہ میں مقابلہ جاری ہے کہ کون زیادہ چندہ دے گا، جو چندہ زیادہ دے گا اسے اتنا بڑا عہدہ ملے گا، عید کے بعد پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کا خطوط والا ہی حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نہ کوئی تنخواہ لی بلکہ کروڑوں روپے کے غیر ملکی تحفے اور گاڑی تو شہ خانے میں جمع کرادی، حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی، 40 فیصد مہنگائی کم ہو کر 2 سے 3 فیصد تک آ گئی یہ بڑا معجزہ ہے، شرح سود کو کم کرکے 12 فیصد لے آئے ہیں، اوورسیز بھی اب ایک شخص کے ساتھ نہیں، وہ شخص صرف اپنی ذات کیلئے لڑتا رہا، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خطوط لکھنا ملک دشمنی ہے، عمران خان کو ملک کی بجائے ذاتی مفاد عزیز ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور اپنے صوبے پر توجہ دیں۔