امید ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی تقویت ملے گی ، محسن نقوی

پاکستان اور امریکا کے مابین بہترین تعلقات ہیں جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں، وفاقی وزیر داخلہ سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو اسلام آباد کے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت دی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امید ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی تقویت ملے گی، پاکستان اور امریکا کے مابین بہترین تعلقات ہیں جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو اسلام آباد کے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ امریکا کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ دورہ امریکا میں امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں۔
ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ اس سے نمٹنے کیلئے عالمی براداری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔دورہ امریکا میں امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں مثبت رہیںجن میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تین روزہ جشن بہاراں کرانے کا اعلان کیا تھا ۔ ان کاکہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہری 25، 26 اور 27 فروری کو جشن بہاراں سے محظوظ ہو سکیں گے۔ جشن بہار اں میلے کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا تھا۔جشن بہاراں میلے میں پاک فوج کے بینڈز بھی پرفارم کریں گے، جشن بہاراں کے دوران آتش بازی کا زبردست مظاہرہ ہو گا جبکہ خٹک، کیلاش اور کتھک سمیت روایتی رقص کے شوز بھی پیش کئے جائیں گے۔
، رینجرز کی کیمل پلٹون اور نیزہ بازی کی ٹیمیں بھی مظاہرہ کریں گی اس کے علاوہ جشن بہاراں میں پاکستان بھر کے روایتی اور مشہور کھانوں کے سٹالز لگائے جائیں گے ۔ جشن بہاراں میں رینجرز کا دستہ مشعل پریڈ اور اسلام آباد پولیس کا دستہ شمع پریڈ کا مظاہرہ کرے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا تھاجس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آبادپولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام شریک ہوئے تھے اجلاس میں جشن بہاراں میلے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جشن بہاراں کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا تھا۔جشن بہاراں میں عوام کی تفریح کیلئے پہلی بار روایت سے ہٹ کر منفرد پروگرامز پیش کئے جائیں گے۔