راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پراسیکیوشن کے مزید 8 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان فواد چودھری، راجہ بشارت، شیخ رشید، شہریار آفریدی اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت مقدمہ میں نامزد مفرور ملزمان مراد سعید ، حماد اظہر اور زلفی بخاری کے وارنٹ چھاپوں اور اشتہار کی شہادت ریکارڈ کرا دی گئی ، ملزمان کیخلاف شہادت سب انسپکٹر عقیل احمد نے ریکارڈ کرائی جبکہ ثبوت بھی عدالت میں پیش کر دیئے گئے۔
سماعت کے دوران مقدمہ میں پراسیکیوشن کی جانب سے مزید 8 گواہوں کے بیان قلمبند کرادیئے گئے، گواہوں میں عقیل احمد اے ایس آئی ، سب انسپکٹرز بابر سجاد ، رجب علی ، احمد نواز، اے ایس آئی عدنان احسن ، شمریز محبوب، کانسٹیبل طالب حسین اور لیڈی کانسٹیبل ثمرہ اشفاق بھی شامل ہیں۔ استغاثہ کی جانب سے اہم مال مقدمہ موبائل فونز، ڈنڈے اور دیگر سامان بھی عدالت میں پیش کیا گیا ، بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کے مقدمہ میں مجموعی طور پر 17 گواہان کی شہادت ریکارڈ ہو چکی ہے، مقدمہ میں نامزد ملزمان کیخلاف تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں مقدمہ درج ہے۔