پاکستان ڈیمو کریسی ایکٹ کے مسودے کا مقصد پاکستانی حکومت کے ان افراد پر پابندی لگانا ہے جو عمران خان کے خلاف مقدمات اور قید کے ذمہ دار ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایکس پر ٹوئیٹ
واشنگٹن ( نیوز ڈیسک ) امریکی رکن کانگریس اور ریپبلکن رہنما جو ولسن کا کہنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف کانگریس میں پاکستان ڈیموکریسی ایکٹ لانے کی تیاری کر رہے ہیں،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئیٹر)پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریسی ایکٹ کے مسودے کا مقصد پاکستانی حکومت کے ان افراد پر پابندی لگانا ہے جو عمران خان کے خلاف مقدمات اور قیدکے ذمہ دار ہیں۔
یہ ایکٹ دراصل پاکستان میں جمہوریت کے اصولوں اور انسانی حقوق کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔امریکی کانگریس رکن جوولسن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اس اقدام کا مقصد جمہوریت کے اصولوں اور انسانی حقوق کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔جو ولسن امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور اور آرمڈ سروسز کمیٹیوں کے رکن کے علاوہ ریپبلکن پالیسی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر امریکی کانگریس رکن جوولسن سے ملاقات کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ چند روزقبل امریکی کانگریس رکن جوولسن نے ایوان نمائندگان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ایوان نمائندگان کی خارجہ امور اور آرمڈ سروسز کمیٹیوں کے اہم رکن، کانگریس مین جو ولسن نے عام بحث کے دوران یہ مسئلہ اٹھایاتھا۔
سپیکر نے انہیں پاکستان کے بارے میں بات کرنے کی اجازت دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 70 سال سے امریکا کا قابل قدر شراکت دار رہا تھا اور جب پاکستان جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو اپناتا تھا تو ہمارے تعلقات مضبوط ہوتے تھے افسوس کی بات ہے کہ حکومت پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں ڈال کر جمہوریت کو کمزور کیا تھا۔