بانی عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) شیر افضل مروت کو باضابطہ طور پر تحریک انصاف سے نکال دیا گیا، بانی عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق “شیر افضل مروت کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس اور اس کے بعد کے جواب کے علاوہ پارٹی نے ان کے جواب پر غور کیا ہے اور ان کے اقدامات کو بھی شوکاز نوٹس سے مشروط کیا ہے۔
ان دونوں پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو فوری طور پر پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔” شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفیکیشن ایڈیشنل سیکرٹی جنرل فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
اس سے قبل بدھ کے روز میڈیا میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا، جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی قیادت کو شیر افضل مروت کے خلاف فیصلہ کن اقدام کی ہدایت کی۔ پارٹی رہنما جلد شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے،بنیادی رکنیت ختم ہونے پر شیر افضل مروت سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے تحریک انصاف کے صوابی جلسہ میں کردار پر پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی ائی سے شکایت کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔