لیسکو میں دوبارہ لاکھوں یونٹ اووربلنگ کا انکشاف

سپریٹنڈنگ انجینئرز، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز کو چارج شیٹ کرنے کا فیصلہ

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں پھر سے لاکھوں یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ناردرن اور قصور سرکل میں صارفین کو اضافی یونٹس چارج کیے گئے، جس کی نشاندہی ہونے پر لیسکو چیف شاہد حیدر نے سخت کارروائی کا حکم دیا، ان کا کہنا ہے کہ اووربلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیسکو افسران نے لائن لاسز کو پورا کرنے کے لیے اضافی یونٹس چارج کیے، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز کو چارج شیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور انکوائری بھی شروع کردی گئی، اس سے پہلے بھی ایف آئی اے نے لیسکو میں اووربلنگ کے خاتمے کی رپورٹ تیار کی تھی تاہم اب کمپنی نے ایک بار پھر لائن لاسز کے اہداف پورے کرنے کے لیے اووربلنگ کردی۔
علاوہ ازیں لیسکو نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے میگا پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا، لیسکو کی جانب سے ایشائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے میگا پراجیکٹ کو پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے تحت ڈیڑھ لاکھ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے، بجلی چوری کی شرح زیادہ ہونے پر 100 الیون کے وی فیڈرز پر جدید تاریں بچھائی جائیں گی،ستر سے اسی فیصد تک بجلی چوری ہونے پر ایریل بنڈل کیبل بچھا دی جائے گی، اے بی کیبل کی تنصیب سے ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری نہیں ہو سکے گی، اسی طرح 1600ہائی لاسز والے ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز لگانے کا کام منصوبے میں شامل ہے، منصوبے کے تحت علاقائی سطح پر بجلی چوری کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔