میرعلی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خارجی ہلاک، میجر سمیت 2 جوان شہید

29 اور 30 جنوری کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا؛ آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخواہ میں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 خارجی مارے گئے، اس دوران میجر سمیت 2 جوان بھی شہید ہوئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری 2025ء کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میرعلی کے علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر حمزہ اسرار جن کی عمر 29 سال تھی اور وہ ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے رہائشی تھے، ایک بہادر افسر جو اپنے دستوں کی قیادت کر رہے تھے اور سپاہی محمد نعیم عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد، نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیوں کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے جرات اور بہادری کے ساتھ اس حملے کو ناکام بنادیا گیا، حملے کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے بعد ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تمام 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے تاہم اس کارروائی کے دوران 2 جوان بھی شہید ہوئے۔