قلعہ عبداللہ میں سکیورٹی فورسز پر حملہ ناکام، 5 دہشتگرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی؛ آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 5 خارجی مارے گئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے جرات اور بہادری کے ساتھ اس حملے کو ناکام بنادیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے بعد ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تمام 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے تاہم اس کارروائی کے دوران 2 جوان بھی شہید ہوئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ اس شدید مقابلے میں پاکستان کے دو بہادر سپوت نائیک طاہر خان جن کی عمر 39 سال تھے اور ضلع ٹانک کے رہائشی تھے اور لانس نائیک طاہر اقبال جن کی عمر 26 سال تھی اور وہ ضلع کرک کے رہائشی تھے، دونوں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے عمل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماری اس جدوجہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔