پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، امید ہے الیکشن کمیشن کی اگلی سماعت کے بعد سرٹیفکیٹ مل جائے گا؛ چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دنیا کی چھٹی بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا نشان عمران خان ہیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا رہا حالاں کہ پارٹی سرٹیفکیٹ ان کا حق ہے، پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس نے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، جس پر الیکشن کمیشن نے ایک نوٹس جاری کرکے آئینی و قانونی سوال اٹھائے تو ہم نے جواب جمع کرایا، الیکشن کمیشن میں کیس انہوں نے فائل کیا جنہوں نے پارٹی الیکشن لڑا ہی نہیں، ان 5 درخواست گزاروں نے پارٹی انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔
بیرسٹر گوہر کہتے ہیں کہ پارٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویز ساتھ لے گئی تھی، ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ہمیں پارٹی کی دستاویز واپس دی جائے، امید ہے پارٹی کے دفتر سے لی گئی دستاویز ہمیں واپس مل جائے گی، جس کے بعد امید ہے الیکشن کمیشن سے ہمیں پارٹی کا سرٹیفکیٹ ملے گا، پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، امید ہے الیکشن کمیشن کی اگلی سماعت کے بعد سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ آئین میں لکھا ہے پارلیمنٹری کمیٹی بنے گی جس میں چیف الیکشن کمشنر کے نام جائیں گے، عمر ایوب نے سپیکر اور شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی کمیٹی کے لیے خط لکھا ہے، نئی تقرری کے لیے اپوزیشن اور حکومت نے تین تین نام کمیٹی میں بھیجنے ہیں، ہم چاہتے ہیں کمیٹی بن جائے اور ہم اپنے تین نام بھیجیں، امید ہے چیف الیکشن کمشنر اور ممبر الیکشن کمیشن کا عمل جلد مکمل ہوگا، تاہم آئین میں ہے چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ ہو جائے تو نئے چیف الیکشن کمشنر تک کام کرے گا۔