تحریک انصاف کا 190ملین پاﺅنڈ کیس کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، رہنماء پی ٹی آئی عمر ایوب کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے 190ملین پاﺅنڈ کیس کافیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا، القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج بھی کریں گے،پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے آنے کے بعد وکلاءکی مشاورت سے اس فیصلے کو چیلنج کیاجائیگا۔
سوال تو پوچھنا چاہیے نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے کہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لیکر گئے اور آگے پھر بیچی۔ اس رقم کا تم نے کیا کیا؟ آج وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے کوئی کیوں نہیں پوچھتا کہ انہوں نے لندن میں ہائیڈ پارک کی عمارت کے پیسے کس طرح جمع کئے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر انصاف کا گلہ گھونٹا گیا ہے ہم اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں ۔ یاد رہے کہ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا تھا۔احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید کی سزا اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا تھاجبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے القادر یونیورسٹی کو حکومت کے حق میں ضبط کرنے کا بھی حکم دیاتھا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا 190 ملین پاو¿نڈز کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں انہوں ملزمان کی حاضری پوری ہونے پر فاضل جج نے محفوظ فیصلہ سنایاتھا۔عدالت نے القادر یونیورسٹی کی زمین بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دے دیا جبکہ جج ناصر جاوید رانا کے سزا سنانے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔