یہ ملک میں عدل و انصاف کا میچ ہےہم یہ میچ جیتیں گے، نیب ایک آلہ کار بن چکا ہے اور اس کی تحقیقات فراڈ ہیں، فیصل چوہدری وکیل بانی پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے 190ملین پاﺅنڈ ریفرنس کے فیصلے کیخلاف دنیا بھر میں مذمتی قراردادیں پیش کرنے کا اعلان کر دیا،190 ملین پاونڈ ریفرنس میں ایک بھی ثبوت نہیں تھا،نیب ایک آلہ کار بن چکا ہے اور اس کی تحقیقات فراڈ ہیں،ہم یہ میچ جیتیں گے،بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں عدل و انصاف کا میچ ہے جو عمران خان جیتیں گے۔
ہم اس فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں مذمتی قراردادیں پیش کریں گے۔ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ یہ بریت کا کیس ہے۔ہم نیب کے ریفرنس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آج کے دن بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی طور پر ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی اور عدالتیں شہری بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کر سکیں۔
بشریٰ بی بی کو بانی کی اہلیہ ہونے پر سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی ہونی چاہیے اور جتنا جیل میں رہنا پڑا رہوں گا۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کی سیل میں تھوڑی دیر میں شفٹ کر دیا جائے گا۔ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشعیب شاہین نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا یہ پہلا مقدمہ ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نا رشوت ہے نا کسی کو پیسہ ملا ہے۔
جس طرح بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی ہے یہ غیر آئینی اورغیر قانونی ہے۔یہ سزائیں تو وہی ہیں جو کچھ صحافیوں کو پہلے سے بتائی جا رہی ہیں۔ جو جو سزائیں صحافیوں کی جانب سے بتائی گئیں وہی سزا سنائی گئی، جو کوئی جج یا سرکاری اہلکار ان کا ساتھ دیتا ہے اسے نوازا جاتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج ڈکٹیٹرشپ کو طوالت دینے کیلئے لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے۔ آج نظام انصاف قتل ہو رہا ہے۔